سپریم کورٹ کا ایف آئی اے کے 53 ملازمین کو فوری فارغ کرنے کا حکم 

سپریم کورٹ کا ایف آئی اے کے 53 ملازمین کو فوری فارغ کرنے کا حکم 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے 53 ملازمین کو فوری فارغ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 2001ءمیں تمام ملازمین کی بھرتی کیلئے دی گئی تین ہدایات پر عمل کیا جائے۔ 
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ایف آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت میں عدالت نے حکم دیا کہ پبلک سروس کمیشن ٹیسٹ انٹرویو کے بغیر آنے والے تمام ملازمین فارغ کریں۔ جسٹس اعجاز الحسن نے کہاکہ سپریم کورٹ نے 2001 میں تمام ملازمین کی بھرتی کیلئے تین ہدایات دی تھیں ان پر عمل کریں۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دئیے کہ عدالتی حکم کے مطابق تعیناتیاں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جائیں، ایف آئی اے رپورٹ نے تو سارا کٹھہ چٹھہ کھول کر رکھ دیا ہے جبکہ ہائیکورٹ کے بھرتیوں کو قانونی قرار دینے کافیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اسر انداز نہیں ہوسکتا ہے، عدالت نے ملازمین کو فوری فارغ کرنے اور ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاءکو 15 روز میں رپورٹ جمع کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے کے ملازم نے غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے جبکہ ہائیکورٹس نے ایف آئی اے ملازمین کی بھرتی کو قانون کے مطابق قرار دیا تھا۔