آکسیجن کی کمی کا خدشہ، اسلام آباد کے تمام ہسپتالوں میں آپریشن بند کر دئیے گئے

آکسیجن کی کمی کا خدشہ، اسلام آباد کے تمام ہسپتالوں میں آپریشن بند کر دئیے گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: کورونا مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے وفاقی دارالحکومت کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں معمول کے طے شدہ آپریشن موخر کر دئیے گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ نے کہا ہے کہ کورونا مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں طے شدہ سرجریز بند کر دی گئی ہیں۔ سی ڈی اے ہسپتال، نیرم اور گورنمنٹ سروسز ہسپتال میں بھی طے شدہ آپریشن بند کر دئیے گئے جبکہ پمز اور پولی کلینک میں بھی طے شدہ سرجریز پہلے ہی بند کی جا چکی ہیں۔
 انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طے شدہ سرجریز آئندہ نوٹیفکیشن تک بند رہیں گی تاکہ کورونا مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انتظامیہ کے مطابق اس وقت پمز میں 151 مریض کورونا وارڈز ،11 ایمرجنسی میں جبکہ پمز میں 7 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ 
اسی طرح پولی کلینک میں کورونا مریضوں کیلئے مختص وینٹی لیٹرز فل ہیں جبکہ کورونا وارڈز میں 28 مریض زیر علاج ہیں۔ سی ڈی اے ہسپتال میں کورونا کے 42 اور گورنمنٹ سروسز ہسپتال کے کورونا وارڈ میں 15 مریض زیرعلاج ہیں۔