این اے 249 ضمنی انتخاب، الیکشن کمیشن نے انتخابی عملے کیلئے ہدایات جاری کر دیں

این اے 249 ضمنی انتخاب، الیکشن کمیشن نے انتخابی عملے کیلئے ہدایات جاری کر دیں
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کراچی میں ضمنی انتخابات کے دوران پریذائیڈنگ افسران کو موبائل فون لوکیشن آن رکھنے کی ہدایت کر دی ہے، این اے 249 میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ 29 اپریل جمعرات کو ہوگی۔ 
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اے 249 کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں انتخابی عملے کو اہم ہدایات جاری کی ہیں جن کے تحت پریزائیڈنگ افسران پولنگ ایجنٹس کے سامنے فارم 45 کی تصویر لیں گے، پریذائیڈنگ افسر ریٹرننگ آفیسر کو واٹس ایپ پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں فارم 45 کی تصویر بھیجیں گے تاہم انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں پریزائیڈنگ افسر فوراً ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچ کر فارم 45 کی کاپی حوالے کرے گا۔
پریذائیڈنگ افسر کے موبائل پر موجود لوکیشن اور وقت کی تفصیلات کی تصویر اپنے موبائل سے حاصل کرے گا جبکہ ریٹرننگ افسر فرانزک تفصیلات کو اپنے آفس میں کمپیوٹر پر منتقل کرے گا، الیکشن کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ کوئی بھی پولنگ ایجنٹ پریذائیڈنگ افسر کا دستخط شدہ فارم 45 وصول کئے بغیر پولنگ سٹیشن نہ چھوڑے۔ 
ضمنی انتخاب کے دوران پولنگ سٹیشن کے باہر رینجرز اور سندھ پولیس کے اہلکار سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے اور اگر کسی ووٹر کے پاس ماسک موجود نہ ہو تو الیکشن کمیشن کا عملہ اور ضلعی انتظامیہ ماسک فراہم کرے گی اور اس کے بعد ہی ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ 
پولنگ کے وقت ریٹرننگ افسر کے دفتر میں نتائج وصولی کے وقت ایس او پیز کا خیال رکھا جائے گا، ریٹرننگ افسر کے دفتر میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جس میں ریٹرننگ افسر کے علاہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر، پولیس، اور رینجرز کے حکام موجود رہیں گے۔