اسلامی نظریاتی کونسل خواتین کے حقوق بالخصوص حق وراثت کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرے 

اسلامی نظریاتی کونسل خواتین کے حقوق بالخصوص حق وراثت کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرے 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلامی نظریاتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ یقینی بنانے کیلئے بالخصوص ان کے حق وراثت کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے خواتین کو سماجی و معاشی حقوق دیئے ہیں تاہم معاشرتی رکاوٹوں نے انہیں اپنے حقوق سے محروم رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے قوانین میں جائیداد کے حقوق کے تحفظ اور ان کی خلاف ورزی روکنے کو یقینی بنانے کیلئے ایک قانون تیار کیا ہے، امید ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل علماءاور آئمہ کے تعاون سے خواتین کے حقوق کے تحفظ سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ 
صدر مملکت نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے سے متعلق حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے علماءکی آن لائن کانفرنس کے انعقاد کیلئے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایانز کی تجویز منظور کر لی ہے اور جلد ہی اس پر عملدرآمد بھی کیا جائے گا۔