طالبان امن میں دلچسپی نہیں رکھتے، سربراہ این ڈی ایس

طالبان امن میں دلچسپی نہیں رکھتے، سربراہ این ڈی ایس
سورس: file photo

کابل، افغان خفیہ ایجنسی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ طالبان امن میں دلچسپی نہیں رکھتے۔دوحا معاہدے کے بعد طالبان کی کارروائیوں میں 24 فی صد اضافہ ہوا ۔ 

تفصیلات کے مطابق افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے سربراہ  احمدزئی سراج نےکابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ طالبان تمام وسائل بروئےکار لاتے ہوئے افغان فورسزکے خلاف تشدد جاری رکھے ہوئےہیں۔

انہوں نے کہا کہ پانچ ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی امن عمل میں مددگار ثابت نہیں ہوئی،رہا کیے گئے بہت سےطالبان قیدی دوبارہ جنگ میں شامل ہوگئے، اب مزید طالبان قیدیوں کی رہائی کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔ 

  این ڈی ایس چیف کا کہنا تھا کہ طالبان کےدہشت گرد گروپوں سے اب بھی آپریشنل تعلقات ہیں، افغانستان میں طالبان کی مدد کے بغیرکوئی دہشت گردگروپ آپریٹ نہیں کرسکتا۔

پاکستانی وفد کے دورہ کابل سے متعلق چیف این ڈی ایس احمد زئی سراج کا کہنا تھا کہ پاکستان سےافغان پالیسی سے متعلق عملی اقدامات کرنےکی توقع ہے، پاکستانی وفدکے ساتھ ملاقات میں قیدیوں کےتبادلے پربھی گفتگو ہوئی ہے۔