بھارت میں کورونا وائرس اتنی تیزی سے کیوں پھیلا؟ عالمی ادارہ صحت نے بتا دیا

بھارت میں کورونا وائرس اتنی تیزی سے کیوں پھیلا؟ عالمی ادارہ صحت نے بتا دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی تین اقسام تیزی سے وائرس پھیلانے کا سبب ہوسکتی ہیں اور حالیہ بڑے اجتماعات نے وباءکے پھیلاؤ میں کردار ادا کیا۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں کورونا مریض ہسپتالوں کا رخ کررہے ہیں جو مسئلے کا سبب بن رہا ہے حالانکہ وائرس کا شکار ہونے والے مریضوں کی گھر میں رہتے ہوئے بھی دیکھ بھال کی جاسکتی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق بھارت میں کورونا مریضوں کیلئے چار ہزار آکسیجن کنسنٹریٹرز بھجوانے کیلئے کام کررہے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی تین اقسام تیزی سے وائرس پھیلانے کا سبب ہوسکتی ہیں لیکن بھارت میں حالیہ بڑے اجتماعات سمیت دیگر عوامل نے بھی کورونا وباءپھیلانے میں کردار اداکیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا سے صورتحال مزید ابتر ہوچکی ہے اور مسلسل کئی روز سے روزانہ کی بنیاد پر 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جو کہ کسی بھی ملک میں اب تک سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد بھارت میں آکسیجن اور دیگر حفاظی سامان کی بھی شدید کمی ہوگئی ہے۔