کراچی میں 29 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان مگر کیوں؟ 

کراچی میں 29 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان مگر کیوں؟ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر مقامی انتظامیہ نے شہر قائد میں 29 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ضلع کیماڑی اور غربی نے 29 اپریل کو ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب کی وجہ سے 29 اپریل بروز جمعرات عام تعطیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے کسی بھی صوبائی یا قومی اسمبلی کے حلقے میں ضمنی انتخاب ہو تو مقامی انتظامیہ کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے جس کے تحت اس ضلع کے سرکاری و نجی ادارے اور تجارتی مراکز بند رہتے ہیں۔
یاد رہے کہ 2018ءمیں ہونے والے عام انتخابات میں حلقہ این اے 249 سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار اور سابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واو¿ڈا منتخب ہوئے تھے جنہوں نے مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر شہباز شریف کو شکست دی تھی۔
ایک ماہ قبل فیصل واﺅڈا نے سینیٹر منتخب ہونے سے قبل اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیا جسے الیکشن کمیشن نے منظور کرتے ہوئے حلقے میں 29 اپریل کو ضمنی انتخاب کرانے کا اعلان کیا جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور انتخابی عملے کو ہدایات بھی جاری کی جا چکی ہیں۔ 
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بیلٹ پیپز کی چھپائی اور سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے جبکہ بیلٹ پیپرز پر کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار کا نام اور انتخابی نشان سمیت 30 امیدواروں کے نام اور نشان بھی چھپے ہوئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب کے سلسلے میں انتخابی مہم کا وقت 27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب ختم ہوجائے گا جبکہ بیلٹ پیپر کی ترسیل ایک روز قبل ہو گی۔ الیکشن کمیشن نے تمام جماعتوں سے انتخابی اصولوں کی پاسداری کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ 29 اپریل کو ضمنی انتخاب کا پر امن طور سے انعقاد ہوسکے۔