آسٹریلیا نے آئی پی ایل میں شریک کھلاڑیوں کو واپسی کے انتظامات ازخود کرنے کی ہدایت کر دی

آسٹریلیا نے آئی پی ایل میں شریک کھلاڑیوں کو واپسی کے انتظامات ازخود کرنے کی ہدایت کر دی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

سڈنی: آسٹریلیا نے بھارت میں کورونا وائرس کی تشویش ناک صورتحال کے پیش نظر بھارت سے فلائٹ آپریشن 15 مئی تک بند کر دیا ہے اور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں شریک کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ وطن واپسی کے انتظامات خود کریں۔ 
تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی وزیر اعظم نے انڈین پریمیر لیگ میں حصہ لینے والے آسٹریلوی کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ انفرادی حیثیت سے آئی پی ایل میں شریک ہیں اس لئے وطن واپسی کے انتظامات بھی خود کریں۔ 
واضح رہے کہ آئی پی ایل فرنچائز ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلین کھلاڑی کرس لین نے کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) سے آئی پی ایل کے اختتام پر کھلاڑیوں کی وطن واپسی کے انتظامات کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ تین آسٹریلوی کھلاڑی اینڈریو ٹائی، کین رچرڈسن اور ایڈم زامپا آئی پی ایل سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کر چکی ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر تین لاکھ سے زائد کیسز سامنے آ رہے ہیں اور سینکڑوں اموات ہو رہی ہیں جبکہ ہسپتالوں میں آکسیجن کی شدید کمی ہو چکی ہے جس کے باعث کئی ممالک کی جانب سے ہنگامی طور پر طبی امداد بھارت پہنچائی جا رہی ہے۔