ہمیں اغیار کی دھمکیوں اور سازشوں کا کوئی خوف نہیں: ایران

ہمیں اغیار کی دھمکیوں اور سازشوں کا کوئی خوف نہیں: ایران

تہران: ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ایران کے عوام کو اغیار کی دھمکیوں اور سازشوں کا کوئی خوف نہیں ہے کیونکہ ہمیں درس دیا گیا ہے کہ ایک قوم کس طرح مستحکم اور پختہ عزم و ارادے کے ساتھ طرح طرح کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرسکتی ہے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے اتوار کو امام خمینی کی امنگوں سے حکومتی کابینہ کے ارکان کے تجدید عہد کے پروگرام کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی نے ایران پر آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کے دوران کہ جب دنیا کی ساری طاقتیں جارحانہ کارروائیوںمیں ملوث تھیں ایرانی عوام کو یہ درس دیا کہ ایک قوم کس طرح مستحکم اور پختہ عزم و ارادے کے ساتھ طرح طرح کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرسکتی ہے -
حسن روحانی نے بنیادی آئین ، عوام کے ووٹ اور انتخابات ، خود مختار پارلیمنٹ ، بااختیار حکومت اور آزاد عدلیہ کو امام خمینی کی یاد گار بتایا - واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور ان کی نئی کابینہ کے ارکان نے اتوار کو امام خمینی کے حرم میں حاضری دی اور ان کی قبر پر فاتحہ خوانی کرنے کےساتھ ساتھ پھولوں کی چادر چڑھائی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی کے اصولوں اور امنگوں سے تجدید عہد کیا -