امریکا کا پاکستان پر نیا الزام، افغان طالبان قیادت کوئٹہ اور پشاور میں موجود ہے

امریکا کا پاکستان پر نیا الزام، افغان طالبان قیادت کوئٹہ اور پشاور میں موجود ہے

کابل: امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان نکلسن نے پاکستان پر نیا الزام داغ دیا، افغان طالبان قیادت کوئٹہ اور پشاور میں موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنرل جان نکلسن نے کہا کہ افغان طالبان قیادت کوئٹہ اور پشاور میں موجود ہے، افغانستان سے باہر طالبان کی پناہ گاہوں کے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے اور امریکا اور پاکستان کی حکومتیں اس مسئلے پر دو طرفہ مذاکرات کررہی ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کا سفارتی حل ممکن ہے تاہم فوجی کوششیں بھی جاری رہیں گی اور امریکا افغانستان کی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا۔ جنرل نکلسن کا کہنا تھا کہ ’میری توجہ افغانستان میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں پر مرکوز ہے تاہم دیگر امریکی حکام پاکستان میں جنگجوو¿ں کی پناہ گاہوں کے مسئلے کو دیکھ رہے ہیں۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کمانڈر جنرل جان نکلسن نے پاکستانی عوام اور فوج کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا ، کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے ہاتھوں شدید نقصان اٹھایا ہے، ان کی سیکیورٹی افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ بہت بہادری اور حوصلے سے لڑی، اور ہم اس کا احترام کرتے ہیں، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں پاک امریکا تعلقات کی موجودہ صورت حال بیان کی ہے، درحقیقت پاکستان امریکا تعلقات تاریخ کے نازک ترین موڑ پر پہنچ چکے ہیں، جنہیں واشنگٹن سے لے کر اسلام آباد تک سنبھالنے کی کوشش ہورہی ہیں۔