فلوریڈا میں ویڈیو گیمز ٹورنامنٹ کے دوران فائرنگ، 2 افراد ہلاک

فلوریڈا میں ویڈیو گیمز ٹورنامنٹ کے دوران فائرنگ، 2 افراد ہلاک
کیپشن: فٹبال ویڈیو گیم مقابلے کی لائیو اسٹریمنگ جاری تھی کہ ایک شخص نے فائرنگ شروع کر دی۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ سی این این

جیکسن ول: امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر جیکسن ول میں آن لائن ویڈیو گیمز ٹورنامنٹ کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ کرنے والے نے بھی خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شکاگو پزا ریسٹورنٹ کے اندر جی ایل ایچ ایف (GLHF) گیم بار میں جاری میڈین 19 آن لائن گیم ٹورنامنٹ کے ریجنل کوالیفائر راؤنڈ کے دوران پیش آیا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو کے مطابق گیم بار سے فٹبال ویڈیو گیم مقابلے کی لائیو اسٹریمنگ جاری تھی کہ ایک شخص نے فائرنگ شروع کر دی۔

ویڈیو میں کھلاڑیوں کو گولیاں چلنے پر ردعمل ظاہر کرتے اور چیخنے چلانے کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔

جیکسن ول کے شیرف ولیمز کے مطابق فائرنگ کرنے والے 24 سالہ ڈیوڈ کیٹز نے بھی خود کو گولی مار کر اپنی زندگی ختم کر لی۔ امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق شوٹر بھی گیم میں شریک تھا، جس نے شکست کے بعد یہ قدم اٹھایا۔

ٹورنامنٹ میں شریک ایک اور کھلاڑی کے حوالے سے مذکورہ اخبار نے بتایا کہ شوٹر اپنے آپ کو ختم کرنے سے قبل کئی لوگوں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔

خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز میں فلوریڈا کی کاؤنٹی پارک لینڈ میں واقع ایک ہائی اسکول میں بھی سابق طالب علم کی فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔