صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی آج جمع کروائے جائیں گے

صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی آج جمع کروائے جائیں گے
کیپشن: ملک کے تیرہویں صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر کو ہو گی۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی آج دوپہر 12 بجے تک جمع کروائے جاسکیں گے۔ صدارتی انتخاب کے لیے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال بدھ (29 اگست) کو صبح 10 بجے تک ہو گی اور صدارتی امیدوار جمعرات (30 اگست) تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے اور اُسی روز ایک بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔

ملک کے تیرہویں صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر کو ہو گی اور سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل الیکٹورل کالج صدر مملکت کا انتخاب کرے گا۔

چیف الیکشن کمشنر ریٹرنگ آفیسر جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور سینٹ و قومی اسمبلی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پریزائیڈنگ آفیسر کی ذمہ داری سر انجام دیں گے۔ پولنگ کا عمل صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔

سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی پارلیمنٹ ہاؤس میں پولنگ کے عمل میں حصہ لیں گے جبکہ ارکان صوبائی اسمبلی اپنی متعلقہ اسمبلیوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ میں حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ خالی نشستوں کے علاوہ قومی اسمبلی، سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے کُل ممبران کی تعداد 706 ہے۔ اس طرح قومی اسمبلی، سینٹ اور بلوچستان اسمبلی کے ہر ممبر کا ووٹ ایک ووٹ تصور ہو گا۔

واضح رہے کہ سب سے چھوٹی اسمبلی یعنی بلوچستان اسمبلی کے ارکان کی تعداد 65 ہے یوں دیگر تینوں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کی تعداد کو 65 پر تقسیم کرنے سے جو نمبر نکلتا ہے ان اسمبلیوں کے اتنے اتنے ارکان مل کر ایک ووٹ رکھتے ہیں۔

یعنی اس طرح پنجاب کے 5.7 ممبران، سندھ اسمبلی کے 2.58 ممبران اور خیبر پختونخواہ کے 1.9 ممبران اسمبلی کا ایک ووٹ شمار ہوگا۔

قومی اسمبلی کے 342، سینٹ کے 104 اور چار صوبائی اسمبلیوں کے 65×4 ارکان کا مجموعہ 706 نکلتا ہے جو کہ الیکٹورل کالج کا مجموعی نمبر ہے۔

قومی اسمبلی میں اس وقت 342 میں سے 330 ارکان موجود ہیں اور 12 سیٹیں خالی ہیں۔ 330 میں 176 ارکان پی ٹی آئی الائنس، 150 اپوزیشن الائنس اور 4 آزاد ارکان ہیں۔

سینٹ میں 68 ارکان کا تعلق اپوزیشن الائنس سے ہے، 25 کا تعلق پی ٹی آئی الائنس سے جبکہ 11 ارکان آزاد ہیں۔ یوں وفاقی پارلیمان میں پی ٹی آئی الائنس کو 201 اور اپوزیشن الائنس کو 218 ووٹ حاصل ہیں جبکہ 15 آزاد ہیں۔