منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری اور فریال تالپور چوتھی بار ایف آئی اے میں طلب

منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری اور فریال تالپور چوتھی بار ایف آئی اے میں طلب
کیپشن: آصف زرداری اور فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور منی لانڈرنگ کیس میں آج وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) میں چوتھی بار طلب کیا گیا ہے۔

آصف زرداری اور فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے تاہم آج دونوں ملزمان کی ایف آئی اے کے سامنے پیشی کا امکان ہے۔

آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے کیس میں منی لانڈرنگ کا الزام نہیں ہے۔ ایف آئی اے کو منی لانڈرنگ کیس میں منگل کو سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرانی ہے۔

ایف آئی اے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ منی لانڈنگ کیس 2015 میں پہلی دفعہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے اٹھایا گیا۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایف آئی اے کو مشکوک ترسیلات کی رپورٹ یعنی ایس ٹی آرز بھیجی گئیں۔

حکام کے دعوے کے مطابق جعلی اکاؤنٹس بینک منیجرز نے انتظامیہ اور انتظامیہ نے اومنی گروپ کے کہنے پر کھولے اور یہ تمام اکاؤنٹس 2013 سے 2015 کے دوران 6 سے 10 مہینوں کے لیے کھولے گئے جن کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی اور دستیاب دستاویزات کے مطابق منی لانڈرنگ کی رقم 35ارب روپے ہے۔