پیپلز پارٹی کے علاوہ باقی اپوزیشن جماعتوں نے فضل الرحمان کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیا

پیپلز پارٹی کے علاوہ باقی اپوزیشن جماعتوں نے فضل الرحمان کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیا

صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن کی جانب سے صدارتی امیدوار نامزد کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کو امیدوار بنانے کی مخالفت کی جب کہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن اتحاد کی جانب سے مشترکہ صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔

 

مولانا فضل الرحمان کچھ دیر بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔

 

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کو ہی صدارتی امیدوار نامزد کیے جانے پر ڈٹ گئی ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اعتزاز احسن کے نام پر تحفظات سامنے آئے ہیں۔

 

دوسری جانب صدر کے عہدے کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے نامزد ڈاکٹر عارف علوی سندھ ہائیکورٹ میں اپنے کاغذات جمع کرائیں گے۔

 

صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے اور 4 ستمبر کو نئے صدر کے لیے پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ ہو گی۔