صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے

صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے
کیپشن: پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کو ہی صدارتی امیدوار نامزد کیے جانے پر ڈٹ گئی ہے۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: مشترکہ صدارتی امیدوار کے لیے اپوزیشن اتحاد میں پھوٹ پڑ گئی اور پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے جب کہ دیگر حزب اختلاف کی جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو اپنا امیدوار نامزد کردیا۔

 پیپلز پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کاغذات نامزدگی جمع کرانے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے۔ ان کے ہمراہ شیری رحمان، قمر زمان کائرہ اور خورشید شاہ سیمت دیگر رہنما بھی تھے۔

یاد رہے کہ اپوزیشن اتحاد میں مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کے معاملے پر پھوٹ پڑ گئی اور اس سلسلے میں کل جماعتی کانفرنس بھی بے سود رہی۔ پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کو ہی صدارتی امیدوار نامزد کیے جانے پر ڈٹ گئی ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اعتزاز احسن کے نام پر تحفظات سامنے آئے ہیں۔

دوسری جانب صدر کے عہدے کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے نامزد ڈاکٹر عارف علوی سندھ ہائیکورٹ میں اپنے کاغذات جمع کرائیں گے۔

واضح رہے کہ صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے اور 4 ستمبر کو نئے صدر کے لیے پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ ہوگی۔