ایشین گیمز : قومی ہاکی ٹیم نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

ایشین گیمز : قومی ہاکی ٹیم نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی
کیپشن: فوٹو: فائل

جکارتہ: انڈونیشیا میں جاری 18ویں ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں قومی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، آج کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ہاٹ فیورٹ سمجھی جانے والی ٹیم ملائیشیا کو 1 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان کی جانب سے اعجاز احمد نے 2 جبکہ عرفان اور مبشر نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ اس شاندار فتح کے ساتھ پاکستان نے پول بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔قومی ٹیم پول کا آخری میچ 28 اگست کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ قابل فخر کارکردگی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر و سیکرٹری نے ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر پی ایچ ایف بریگیڈئیر (ر) خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ ٹیم سخت محنت اور حکمت عملی کے ذریعے کھیلی، امید ہے ہاکی ٹیم فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔ ہاکی بورڈ کے سیکرٹری شہباز احمد سینئیر کا کہنا تھا کہ ٹیم فتح کے ٹریک پر آگئی ہے، کھلاڑیوں نے صدر پی ایچ ایف کی کوششوں کی لاج رکھی۔