ایشیا کپ : محمد حفیظ کی ٹیم میں واپسی کے امکان روشن

ایشیا کپ : محمد حفیظ کی ٹیم میں واپسی کے امکان روشن
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور: قومی ٹیم کے سینئر آل راو¿نڈر محمد حفیظ کی بورڈ سے ناراضی ختم ہوگئی، وضاحت پر مطمئن ہوجانے کے بعد انھیں ایشین کپ کیلئے قومی اسکواڈ کے ابتدائی کھلاڑیوں میں شامل کرلیا گیا۔پی سی بی نے آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں شیڈول ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے26 کرکٹرز کا اعلان کردیا۔

پی سی بی نے15 ستمبر سے یو اے ای میں شیڈول ایشیا کپ میں عوامی امنگوں کے مطابق نتائج کے حصول کے لیے کمرکس لی اور ابتدائی مرحلے میں سلیکشن کمیٹی کی طرف سے کھلاڑیوں کا اعلان کرنے کے بعد کیمپ کے مقام کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔منتخب کھلاڑی آج سے آرمی اسکول آف فزیکل اینڈ ٹریننگ ایبٹ آباد کے فٹنس کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں، ایشیا کپ کے لیے ٹریننگ کیمپ کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے کیمپ 2 مقامات پر لگایا جائیگا، پہلے مرحلے میں کھلاڑی27 اگست کو آرمی اسکول آف فزیکل اینڈ ٹریننگ سینٹر ایبٹ آباد میں اکٹھے ہوں گے اورفٹنس میں بہتری لانے کے لیے ماہرکوچزکی نگرانی میں31 اگست تک ایکشن میں دکھائی دیں گے، دوسرا مرحلہ لاہور میں شروع ہوگا جس میں پلیئرز کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں موجود خامیوں کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی ، پی سی بی اعلامیے کے مطابق لاہور میں ٹریننگ کیمپ کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔

پی سی بی کی طرف سے کیمپ کا حصہ بننے والے26 کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی، عثمان شنواری، محمد نواز، عماد وسیم، حارث سہیل، محمد حفیظ، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان، صاحبزادہ فرحان، شان مسعود، عثمان صلاح الدین ، اسد شفیق، بلال آصف، محمد اصغر، راحت علی اورمیرحمزہ شامل ہیں۔