چودھری سرور کی بطور گورنر پنجاب تقریب حلف برداری موخر

چودھری سرور کی بطور گورنر پنجاب تقریب حلف برداری موخر
کیپشن: تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری محمد سرور نے بطور گورنر پنجاب اپنی حلف برداری صدارتی انتخاب تک موخر کردی۔

تحریک انصاف کے رہنماچودھری سرور کو پنجاب کا گورنرمقرر کیا گیا ہے اور انہیں کل اپنے عہدے کا حلف لینا تھا تاہم اب انہوں نے حلف برداری موخر کردی ہے۔چودھری سرور نے اپنی ٹوئٹ میں حلف اٹھانے کی تقریب موخرکرنے کی وجہ صدارتی انتخاب کو قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سینیٹ کے رکن کی حیثیت سے اپنا فرض پورا کرنا اور 4ستمبر کو عارف علوی کو صدر مملکت منتخب کرانے کے لیے ان کی مدد کرنا چاہتا ہوں، اس لئے اب بحیثیت گورنر پنجاب اس کے بعد ہی حلف اٹھاﺅں گا۔

واضح رہے کہ چودھری سرور پنجاب سے تحریک انصاف کے واحد سینیٹر ہیں، صدارتی انتخاب میں اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ امیدوارسامنے آنے کی صورت میں پی ٹی آئی کے امیدوارعارف علوی کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔