پنجاب کی 23رُکنی صوبائی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ، پرویز الٰہی نے اراکین سے حلف لیا

پنجاب کی 23رُکنی صوبائی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ، پرویز الٰہی نے اراکین سے حلف لیا
کیپشن: image by facebook

لاہور:پنجاب کی 23 رُکنی صوبائی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب طارق نجیب نجمی نے تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ نے گورنر ہائوس لاہور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، قائم مقام گورنر پنجاب پرویز الٰہی نے اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔

عبدالعلیم خان کو مقامی حکومتوں اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی وزارت کے ساتھ سینئر وزیر مقرر کیا گیا ہے۔ میاں محمود الرشید ہاﺅسنگ شہری ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، میاں اسلم اقبال صنعت و تجارت، ڈاکٹر مراد راس سکول ایجوکیشن ، فیاض الحسن چوہان اطلاعات و ثقافت،ڈاکٹر یاسمین راشد صحت، راجہ بشارت قانون اور پارلیمانی امور،تیمور خان امورنوجوانان اور کھیل، انصر مجید نیازی مزدور و افرادی قوت، حافظ ممتاز احمد ایکسائز ٹیکسیشن اور انسداد منشیات، مخدوم ہاشم بخت خزانہ، سمیع اللہ چوہدری خوراک،محسن لغاری آبپاشی،یاسر ہمایوں سرفراز فروغ اعلی تعلیم و سیاحت ،راجہ راشد حفیظ ریونیو اور آصف نکئی مواصلات کے وزیر ہوں گے ۔

 اس کے ساتھ محمد سبطین خان، حافظ عماریاسر، ملک نعمان لنگڑیال ، چودھری ظہیر الدین ، محمد انور ، ہاشم ڈوگر اور حسنین دریشک کو بھی وزرا بنایا گیا تاہم انہیں ابھی قلمدان نہیں سونپے گئے۔

حلف برداری کی اس پُروقار تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان احمد خان بزدار، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد اکرم چوہدری، انسپکٹرجنرل آف پولیس پنجاب امام کلیم ،ممبران صوبائی اسمبلی اور صوبائی سیکرٹریزکے علاوہ دیگر عمائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔