صدارتی امیدوار ، پیپلزپارٹی کی سولو فلائٹ نے تحریک انصاف کو فائدہ پہنچایا:سراج الحق

صدارتی امیدوار ، پیپلزپارٹی کی سولو فلائٹ نے تحریک انصاف کو فائدہ پہنچایا:سراج الحق
کیپشن: image by facebook

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی تنہا پرواز نے اپوزیشن کو تقسیم کر دیا ، اعتزاز احسن کا نام دینے سے قبل انہوں نے کسی سے مشاورت نہیں کی ۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی تنہا پرواز نے اپوزیشن کو تقسیم کر دیا ، اعتزاز احسن کا نام دینے سے قبل انہوں نے کسی سے مشاورت نہیں کی ۔

انھوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں صدارتی امیدوار کا نام فائنل ہوتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی ، اپنے ایک بیان میں سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آج اپوزیشن صدارتی امیدوار کے لیے کسی ایک نام پر متفق نہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ اصل وجہ پیپلزپارٹی کی سولو فلائٹ ہے ، پیپلز پارٹی اگر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلتی اور اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لے کر صدارتی امیدوار کا نام دیا جاتا تو آج اپوزیشن متحد ہوتی ۔

دریں اثنا سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر سراج الحق اور سینیٹر مشتاق احمد خان نے معذور افراد کو سرکاری ملازمتیں دینے کے حوالے سے قرار داد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے ۔

قرارداد میں ملک میں موجود چودہ لاکھ سے زائد معذور افراد کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ معذور افراد انتہائی قابل رحم ہیں ان کے حقوق انہیں ملنے چاہئیں ۔

وفاق اور صوبوں میں معذور افراد کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مقرر ہے مگر بھرتیوں کا شفاف نظام نہ ہونے کی وجہ سے اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا اور جعلی سرٹیفکیٹس پر تندرست لوگوں کو معذور افراد کے لیے مخصوص سیٹوں پر بھرتی کر لیا جاتا ہے جس سے اصل حقداروں کی حق تلفی ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 38 کے مطابق معذور افراد کی سرکاری ملازمتوں کے نظام کو شفاف بنایا جائے۔