بالی وڈ اداکار رشی کپور کو پاکستان میں کی گئی آؤ بھگت یاد آنے لگی

بالی وڈ اداکار رشی کپور کو پاکستان میں کی گئی آؤ بھگت یاد آنے لگی
کیپشن: image by facebook

ممبئی :بالی ووڈ اداکار رشی کپور کو پاکستان آمد کے موقع پر کی گئی آؤ بھگت یاد آنے لگی, رشی کپور کا شمار بالی وڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے جو کہ کئی دہائیوں سے فلم نگری میں راج کررہے ہیں۔


لیجنڈ اداکار اس وقت بھی کئی فلموں میں اہم کرداروں میں نظر آتے ہیں جس میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’ملک‘ بھی شامل ہے ، رشی کپور اداکاری کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی فعال رہتے ہیں اور اپنے بیانات اور ٹوئٹس کی وجہ سے تنازعات میں گھرے رہتے ہیں۔

 بھارتی ویب سائٹ کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں رشی کپور نے کھل کر اظہار خیال کیا ہے, ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں دشمن ممالک ایک دوسرے سے گلے مل رہے ہیں جس کی مثال دیوار برلن گرانا، جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کا اختلافات کو بھلانا شامل ہے لیکن کیا ہم 71 سالوں بعد پاکستان کے ساتھ ایسا کچھ کرسکتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ہم ابھی بھی کشمیر اور مذاہب پر لڑ رہے ہیں جو کہ بچگانہ عمل ہے ، اس وقت جب ساری دنیا پرانے مسائل سے جان چھڑا رہی ہے، ہم کشمیر کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں لیکن اب اس معاملے کو کسی بھی طرح سے حل کرنا پڑے گا۔

رشی کپور نے مزید کہا کہ میرے والدین کی پیدائش برٹش انڈیا میں ہوئی تھی اور اس وقت پاکستان نہیں بنا تھا اور میرے دادا 1926 میں پشاور سے ممبئی آئے تھے لہٰذا مجھے پشاور والا ہونے پر فخر ہے لیکن میں اپنے آباء و اجداد کی جگہ نہیں دیکھ سکتا اور پاکستان نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ میری 2 نسلیں گزرچکی ہیں لہٰذا میرے لیے افسوس کی بات ہے کہ آزادی کے 71 سال بعد بھی وہی پریشانیاں ستا رہی ہیں۔