بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو اندھیروں میں دھکیل دیا:ملیحہ لودھی

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو اندھیروں میں دھکیل دیا:ملیحہ لودھی
کیپشن: image by twitter

 نیویارک : اقوام متحدہ کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کو اندھیروں میں دھکیل دیا ، اقوام متحدہ کو اس میں لازمی طور پر کردار ادا کرنا ہوگا , ملیحہ لودھی نے ان خیالات کا اظہار جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ اسپنوزا سے ملاقات کے دوران کیا اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر صدر جنرل اسمبلی نے کہا کہ کشمیر میں صورتحال کو تشویش سے دیکھ رہے ہیں,اس دوران ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت نے تین ہفتے سے زیادہ عرصے سے کشمیریوں کی تمام آزادیاں سلب کر رکھی ہیں، اقوام متحدہ کی کشمیر پر تاریخی ذمہ داریاں ہیں جو اسے نبھانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کو ان کا جائز حق خودارادیت دلوانے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔یاد رہے گزشتہ ہفتے ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیاء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی ماحول تبدیل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے مغرب میں رائے عامہ بھی تبدیل ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی تمام تر کوششوں کے باوجود سلامتی کونسل کے پندرہ ممبران نے اجلاس پر اتفاق کیا، اب پاکستان کے لیے یہ چیلنج ہے کہ اس معاملے کو آگے بڑھانا ہے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ اجلاس میں جو بریفنگ دی گئی اس میں کھل کر بتایا گیا کہ بھارت کیا کر رہا ہے اور اس کے نتیجے میں کیا ہوسکتا ہے۔ چین، روس، برطانیہ اور امریکہ بھی چاہتے ہیں کہ اس مسئلے کا کوئی حل نکلے,ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھارت بوکھلا گیا ہے کیونکہ وہاں کے عوام چاہتے ہیں کہ بھارت وہاں سے نکل جائے۔