امریکہ اور چین میں نیا تجارتی معاہدہ

امریکہ اور چین میں نیا تجارتی معاہدہ
کیپشن: image by facebook

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے نئے تجارتی معاہدے کا عندیہ دے دیا ہے ، چین کے تجارتی اہلکاروں نے اپنے امریکی ہم منصبوں سے رابطہ کر کے معاملات کو پرسکون اور خوش اسلوبی سے حل کرنے کا اشارہ دے دیا ہے۔

فرانس کے ساحلی شہر بیاریٹز میں دنیا کے صنعتی ممالک جی 7 کے اجلاس کے اختتام پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین کی طرف سے مثبت اشارے ملنے کے بعد وہ جاری تجارتی جنگ کو کم کر کے چین سے نئے معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین نے پھر سے مذاکرات کی میز پر آنے کی خواہش ظاہر کی ہے، اور وہ اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چین سے مذاکرات جلد شروع ہونگے اور عالمی مارکیٹ میں اس کے جلد اچھے اثرات مرتب ہونگے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ جین سے جاری تجارتی جنگ کو طول نہیں دینا جاہتے اور جلد اس معاملے کا حل نکالا جائیگا۔ انہوں نے اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ معاملات کو سمجھنے والے ایک عظیم رہنماء ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ چین سے تجارتی معاہدہ  نہ صرف چین  اور امریکہ کے لیے اچھا ہے بلکہ یہ ساری دنیا کے لیے اچھا ہوگا۔پچھلے جمعہ کو دنیا کی دو بڑی معاشی طاققوں نے ایک دوسرے کی درآمدی اشیاء پر مزید محصولات لگانے کا اعلان کردیا تھا، جس نے عالمی تجارتی منڈی میں وسیع پیمانے پر منفی اثرات مرتب کیے اور مختلف اسٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان رہا۔