نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور پنجاب حکومت مجرم ہوں گے، شہباز شریف

نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور پنجاب حکومت مجرم ہوں گے، شہباز شریف
کیپشن: نواز شریف کے ساتھ جان بوجھ کر لاپرواہی اور غفلت برتی جا رہی ہے، شہباز شریف۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ن لیگ فیس بُک پیج

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنے بھائی اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو عمران نیازی اور پنجاب حکومت مجرم ہوں گے۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ‎نواز شریف کی صحت کو خطرات پر مطلوبہ ایمبولنس نا دینا عمران حکومت کے انتقام اور چھوٹے پن کا ثبوت ہے۔ نواز شریف کو ہنگامی طبی امداد دینے میں جان بوجھ کر لاپراوہی اورغفلت کا رویہ مجرمانہ ہے اگر انہیں کچھ ہوا تو عمران نیازی اور پنجاب حکومت مجرم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ‎دو سرکاری اسپتالوں کا مناسب مشینوں سے لیس ایمبولینس فراہم کرنے سے انکار سیاسی انتقام ہے۔ ‎سیاسی مخالفت پر صحت کی سنگین صورتحال سے دوچار شخص سے علاج چھیننا قتل کی سازش ہے اور ‎نواز شریف کے فزیشن ڈاکٹر عدنان نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھ کرصورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ وہ نواز شریف کی صحت کیلئے اپنی تشویش سے متعلقہ حکام کو مسلسل آگاہ کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کے ساتھ جان بوجھ کر لاپرواہی اور غفلت برتی جا رہی ہے اور انہیں 24 گھنٹے خصوصی طبی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہیں قلب، شوگر اور گردوں سمیت متعدد امراض کا سامنا ہے۔ ‎علاج میں غفلت کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں اور ‎بارہا آگاہ کرنے کے باوجود علاج کی سہولیات فراہم نہ کرنا حکومتی بدنیتی اور خطرناک عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔