بحرین نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا امریکی مطالبہ مسترد کر دیا

بحرین نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا امریکی مطالبہ مسترد کر دیا

منامہ: بحرین نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے امریکی مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بحرین کے بادشاہ حمد بن عيسى بن سلمان آل خليفہ نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کے دوران اسرائیل کو تسلیم کرنے کے مطالبے کو یکسر مسترد کر دیا۔

حمد بن عیسی نے کہا کہ ہم عرب ممالک کے خود مختار فلسطین کے مطالبے کے ساتھ کھڑے ہیں۔بادشاہ حمد بن عیسیٰ نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے عرب ممالک کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے دباؤ کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کو 1967 سے پہلے کی حیثیت میں بحال کرنا ہو گا۔دو ہفتے قبل اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک تاریخی امن معاہدہ ہوا جس بعد مشرقی وسطیٰ کے دونوں اہم ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آسکیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان امن معاہدہ کرانے میں ثالث کا کردار ادا کیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدے کے تحت اسرائیل مغربی کنارے میں واقع فلسطین کے ان علاقوں پر دعویٰ سے دستبردار ہو گا جنہیں وہ ضم کرنا چاہتا تھا۔

رپورٹس کے مطابق امن معاہدہ اسرائیل، متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے مابین طویل گفت وشنید کے بعد ممکن ہوسکا۔ خیال رہے کہ  متحدہ عرب امارت اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کرنے والا تیسرا خلیجی عرب ملک بن گیا۔