ٹرمپ نے  جو بائیڈن کو  منشیات کا ٹیسٹ کرانے کا چیلنچ دے دیا

ٹرمپ نے  جو بائیڈن کو  منشیات کا ٹیسٹ کرانے کا چیلنچ دے دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حریف ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن کو آئندہ ماہ ہونے والے پہلے ٹی وی مباحثے سے قبل منشیات کا ٹیسٹ کرانے کا چیلنچ دے دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے واشنگٹن ایگزامینر کو انٹرویو میں کہا کہ حالیہ عرصے کے دوران انہوں نے ٹی وی ڈیبیٹس میں جو بائیڈن کی کارکردگی میں اچانک بہتری آتے نوٹ کی ہے جو یقیناً منشیات کے استعمال کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ تین نومبر کے صدارتی انتخاب سے قبل دونوں صدارتی امیدواروں کے درمیان تین ٹی وی مباحثے ہوں گے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اپنی پارٹی کی طرف سے بطور صدارتی امیدوار نامزدگی کے لئے آخری ٹی وی مباحثے میں بھی جو بائیڈن نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا حالانکہ اس سے قبل گیارہ ٹی وی مباحثوں کے دوران وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے تھے اور ان کی گفتگو میں ربط بھی نہیں تھا ۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایسا منشیات کے استعمال کے بغیر کسی صورت ممکن نہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے یہ چیلنج کیا ہے کہ ان کے ساتھ ٹی وی مباحثے سے قبل وہ اور جو بائیڈن دونوں ڈرگ ٹیسٹ کرائیں۔ واضح رہے کہ دونوں صدارتی امیدواروں جو بائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان پہلا ٹی وی مباحثہ 29 ستمبر کلیولینڈ، دوسرا 15 اکتوبر کو میامی اور تیسرا 22 اکتوبر کو ناشول میں ہوگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی کمیشن سے دونوں صدارتی امیدواروں کے درمیان تین سے زیادہ مباحثوں اور پہلے ٹی وی مباحثے کو مقررہ تاریخ سے قبل کرانے کی درخواست کی لیکن انتخابی کمیشن نے ان کی دونوں درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔