ارکان قومی اسمبلی کراچی میں لوگوں کی مدد کیلئے حلقے میں نکلیں، وزیراعظم

ارکان قومی اسمبلی کراچی میں لوگوں کی مدد کیلئے حلقے میں نکلیں، وزیراعظم
کیپشن: نشیبی علاقوں میں متاثرین کو مناسب مقامات پر پہنچایا جائے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ بالخصوص کراچی کے حالات سے واقف ہوں اور ارکان قومی اسمبلی کراچی میں لوگوں کی مدد کیلئے حلقے میں نکلیں۔

وزیراعظم نے گورنرسندھ عمران اسماعیل کو ٹیلیفون کر کے بارشوں سے ہونیوالے نقصان پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا گورنر سندھ لوگوں کو ریلیف کے لیے اقدامات کریں اور متاثرہ شہریوں کو کھانے پینے کی اشیا بر وقت فراہم کی جائیں، نشیبی علاقوں میں متاثرین کو مناسب مقامات پر پہنچایا جائے۔

ادھر کراچی میں موسلا دھار بارش نے شہر کے بیشتر علاقوں کو ڈبو دیا، شاہراہیں، گلیاں، بازار ندی نالوں میں تبدیل ہوگئے، شہر کے بیشتر علاقے کمر کمر تک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ موٹر سائیکلیں، گاڑیاں، منہ زور پانی کے رحم پر کرم پر ہیں۔ بیشتر علاقوں کے مکینوں نے گھر کی چھتوں پر پناہ لے رکھی ہے۔

ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر کے قریب بھاری کنٹینروں کو پانی میں تیرتا دیکھ کر شہری حیران ہو گئے۔ شہریوں کی کنٹینرز کو مصروف شاہراہوں سے ہٹانے کی کوشش بے سود رہی۔ ملیر، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، پی ای سی ایچ سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔

اورنگی ٹاؤن، نیو کراچی، لائنز ایریا، پی آئی بی کالونی، ملیرسٹی رفیع گارڈن میں بتی گل ہے۔ محمودآباد، منظورکالونی، لیاقت اشرف کالونی سمیت دیگر علاقے بھی متاثر ہیں۔ کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے متعدد فیڈرز حفاظتی اقدامات کے تحت بند کئے گئے۔