کراچی میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی، شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم

 کراچی میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی، شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم
کیپشن: ایم اے جناح روڈ پر سیکیورٹی کے لیے رکھے گئے کنٹینرز بھی پانی میں تیرنے لگے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہر کی سڑکیں ایک بار پھر تالاب بن گئیں اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی۔

جمعرات کی صبح کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا اور مون سون کے تازہ ترین اسپیل نے شہر کو ایک بار پھر جل تھل کر دیا ہے۔

ملیر، قائد آباد، نیشنل ہائی وے، شارع فیصل، لیاری، آئی آئی چند ریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، قیوم آباد، کورنگی، نارتھ کراچی، راشد منہاس روڈ، یونیورسٹی روڈ، حسن اسکوائر، نمائش، گرو مندر، لانڈھی، گلشن حدید، ملیر اور ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں صبح سے ہی تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

موسلا دھار بارش سے شہر کی اہم شاہراہوں پر ایک بار پھر پانی جمع ہو گیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

شہر میں شدید بارش کے باعث حد نگاہ بھی انتہائی کم ہو گئی اور دوپہر کے اوقات میں اندھیرا چھا جانے سے گاڑیوں کی فوگ لائٹس جلا کر سفر کیا جا رہا ہے۔

بارش کے باعث سخی حسن کے قریب نارتھ ناظم آباد کے پہاڑ سے آنے والا پانی آبادی میں داخل ہوگیا جس سے سخی حسن، شادمان، انڈا موڑ اور  اطراف کے علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

اس کےعلاوہ ایم اے جناح روڈ پر سیکیورٹی کے لیے رکھے گئے کنٹینرز بھی پانی میں تیرنے لگے۔

کلفٹن، پنجاب چورنگی، کے پی ٹی، مہران، ناظم آباد، لیاقت آباد اور ڈرگ روڈ انڈر پاسز میں پانی بھر گیا جس سے انڈرپاسز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔