وزیراعلیٰ سندھ نے جمعہ کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا

وزیراعلیٰ سندھ نے جمعہ کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا
کیپشن: صوبے بھر کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شدید بارشوں کے باعث صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ بروز جمعہ مورخہ 28 اگست کو چھٹی ہو گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے اعلان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کو عام تعطیل کی وجہ سے صوبے بھر کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔

تاہم لازمی سروس کے ادارے، بلدیات، صحت، واٹر بورڈ، پی ڈی ایم اے اور ریونیو کے دفاتر کھلے رہینگے۔

موسم کی صورتحال بارے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ بارش جمعے کی شام تک وقفے وقفے جاری رہے گی۔ آرمی، نیوی اور این ڈی ایم اے سے رابطے میں ہیں۔ نالوں کے ساتھ آبادیوں کو خطرہ ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بارش کا پانی تب ہی نکالیں گے جب اس کا سلسلہ تھمے گا کیونکہ دوبارہ بارش ہوئی تو اور تکلیف ہوگی۔ انہوں نے اپیل کی کہ شہری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ پسماندہ علاقوں سمیت ہر طرف گھروں میں پانی ہے۔ ہر ڈسٹرکٹ میں وزرا کی ڈیوٹی لگائی ہے۔ یہ قدرتی امتحان ہے جس سے فصلوں سمیت ہر چیز کو نقصان پہنچا ہے۔