ملک بھر میں کورونا کے وار جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 95 افراد جان کی بازی ہار گئے

ملک بھر میں کورونا کے وار جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 95 افراد جان کی بازی ہار گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 95 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 4 ہزا ر 16 مزید مریض بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کئے گئے تازہ اعداد و شمارکے مطابق ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 25 ہزار 415 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 44 ہزار 341 ہو گئی ہے، ملک میں کوروناوائرس کے مثبت کیسز کی شرح 6.42 فیصد رہی۔
این سی او سی کے مطابق پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار 578 ہو گئی جبکہ صوبے میں اب تک 11 ہزار 706 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 27 ہزار 37 ہو گئی جبکہ صوبے میں اب تک 6 ہزار 766 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
خیبرپختونخوامیں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 59 ہزار 483 ہو چکی ہے جبکہ صوبے میں 4884افراد عالمگیر موذی وباءکے ہاتھوں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ بلوچستان میں کورونا وائرس کے اب تک 32 ہزار 14 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 338مریض چل بسے۔ 
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجموعی طورپرمتاثرہ افراد کی تعداد 97 ہزار 956 جبکہ اموات کی تعداد860تک جا پہنچی ہے۔ گلگت بلتستان میں اب تک 9 ہزار 795 افراد کورونا کا شکار ہوئے ہیں جبکہ 172 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ آزاد جموں کشمیرمیں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 478 ہو چکی ہے جبکہ 689 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ملک بھرمیں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اور این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3235 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں، ملک بھر میں اب تک 10 لاکھ 26 ہزار 82 مریض کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔