کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی سمیں بند کرنے پر سنجیدگی سے غور شروع

کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی سمیں بند کرنے پر سنجیدگی سے غور شروع
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پشاور: خیبرپختونخواہ حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل فون سمز بند کرنے پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے جبکہ صوبے بھر میں ہفتے کے 2 روز کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔ 
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیرصدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا جس میں کورکمانڈرپشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی پی، متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ اورانتظامی سیکرٹریز شریک ہوئے۔ 
اجلاس کے دوران صوبے بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ ہزارہ ڈویژن کے بعض اضلاع میں کورونا کی بڑھتی ہوئی شرح پرقابوپانے کیلئے پاک فوج کی 10 کور کی مدد حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں 15 ستمبر تک کورونا ویکسی نیشن نہ لگوانے والوں کی موبائل فون سمیں بند کرنے پرسنجیدگی سے غور کیا گیا جبکہ صوبے بھرمیں یکساں طورپرہفتے میں 2 دن کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جن کے تحت پیٹرول کی فروخت بھی ویکسی نیشن سے مشروط کر دی جائے گی۔ 
لاہور میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پیٹرول پمپس پر بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ یکم ستمبر سے کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کو پیٹرول نہیں ملے گا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یکم ستمبر 2021 ءسے صرف ان افراد کو ہی پیٹرول فروخت کی جائے گا جو ویکسی نیشن کروا چکے ہوں گے۔ 
دوسری جانب موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر وے اور ہائی ویز پر کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ کے بغیر سفر پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کا اطلاق 15 ستمبر سے ہو گا۔ 
موٹروے پولیس کے ذرائع کے مطابق 15 ستمبر کے بعد شہری ویکسین سرٹیفکیٹ کے بغیر موٹروے پر سفر نہیں کرسکیں گے اس لئے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موٹروے پر سفر کے دوران سفر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی ساتھ رکھیں۔