کورونا کیسز میں اضافہ ، کے پی کے حکومت نے فوج سے تعاون مانگنے کا فیصلہ کرلیا

کورونا کیسز میں اضافہ ، کے پی کے حکومت نے فوج سے تعاون مانگنے کا فیصلہ کرلیا

پشاور : خیبر پختونخواہ حکومت نے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث پابندیوں پر عملدرآمد کے لئے فوج سے معاونت کی درخواست کا فیصلہ کرلیا ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی ،وزرا،انتظامی سیکریٹریز نےاجلاس میں شرکت کی.

اجلاس میں بعض اضلاع میں کیسز میں اضافہ،احتیاطی تدابیر پر عدم عملدرآمد پر اظہار تشویش کرتے ہوئے پہلے سے نافذ حفاظتی اقدامات اور پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کے پی حکومت نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے پاک فوج سے معاونت کی درخواست دینے اورضرورت پڑنے پر اسمارٹ لاک ڈاؤنز مسخت سمیت مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں کے پی میں15ستمبر تک ویکسینیشن نہ کرانیوالوں کی سمز بند کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا گیا اور صوبے بھر میں یکساں طور پر ہفتے میں 2دن کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی زیر صدارت اجلاس میں ہزارہ ڈویژن کے بعض اضلاع میں پاک فوج کے 10 کور کی مدد حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔