صحافیوں کو ہراساں کرنے کا کیس سماعت کیلئے مقرر،جسٹس فائز عیسیٰ بنچ کا حصہ نہیں

صحافیوں کو ہراساں کرنے کا کیس سماعت کیلئے مقرر،جسٹس فائز عیسیٰ بنچ کا حصہ نہیں
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد : صحافیوں کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے ۔سماعت تیس اگست کو ہوگی ۔جسٹس  قاضی فائز عیسٰی کو سماعت کرنے والے بنچ میں شامل نہیں کیا گیا ۔

نیو نیوز کے مطابق درخواست کی سماعت کیلئے قائم مقام چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے 3 رکنی بنچ تشکیل دے دیا ہے ۔جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر اور جسٹس قاضی محمد امین 30 اگست کو ساڑھے 12 بجے کیس کی سماعت کریں گے۔

واضح رہےکہ 20 اگست کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے صحافیوں کی درخواست پر صحافیوں کو ہراساں کرنے پر از خود نوٹس لیا تھا  اور رجسٹرار کو کیس 26 اگست کو لگانے کا حکم دیا تھا۔

قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس قاضی عیسیٰ کے از خود نوٹس لینے کے خلاف اپنی سربراہی میں 5 رکنی بنچ تشکیل دیا جس نے گزشتہ روز مختصر فیصلہ جاری کیا کہ از خود نوٹس صرف چیف جسٹس پاکستان لے سکتے ہیں اس کے علاوہ کوئی جج از خود نوٹس نہیں لے سکتا۔ 5 رکنی بنچ نے 20 اگست کا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا حکم واپس لے لیا تھا

قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ کے فیصلے پر آئینی ماہرین نے اعتراض کیا تھا ۔آئینی ماہرین کا کہنا تھا کہ آئین میں یہ کہیں درج نہیں کہ ازخود نوٹس چیف جسٹس لیں گے بلکہ آئین میں سپریم کورٹ کا لفظ ہے جس کے مطابق سپریم کورٹ کا ہر جج سپریم کورٹ ہے اور از خود نوٹس لے سکتا ہے۔