برطانیہ پاکستان کو ریڈلسٹ میں رکھنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے: شاہ محمود قریشی

برطانیہ پاکستان کو ریڈلسٹ میں رکھنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے: شاہ محمود قریشی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد  : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ طالبان کی جانب سے  جنگ کے خاتمے، عام معافی کے اعلان، انسانی حقوق کے تحفظ اور افغان سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال نہ کرنے کے حوالے سے منظر عام پر آنے والے بیانات حوصلہ افزا   ہیں ۔برطانیہ پاکستان کو ریڈ لسٹ  میں رکھنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

  

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی  برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب کے ساتھ   ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ  خیال ہوا۔

وزیر خارجہ نے برطانوی ہم منصب کو، جرمنی، ہالینڈ ،بیلجیئم ،ڈنمارک ، سویڈن اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ سے افغانستان کی صورتحال پر ہونے والے حالیہ روابط سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہم کل کابل ائیرپورٹ پر ہونیوالے دہشت گردی کے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں  ۔انکا کہنا تھا کہ افغانستان کے حوالے سے لگائے گئے تمام اندازے غلط ثابت ہوئے،  اچانک تبدیل ہونے والی صورتحال سب کیلئے حیران کن تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے  قریبی ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے، پر امن اور مستحکم افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔  فی الوقت  ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانوں کی سیکورٹی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں اجتماعیت کے حامل، جامع سیاسی تصفیے کا حامی ہے۔ اس نازک مرحلے پر، ہمیں  ایسے عناصر سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے جو امن کاوشوں کو سبوتاژ کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

 وزیرخارجہ نے،برطانوی ہم منصب کو افغانستان کے تناظر میں ، علاقائی سطح پر مربوط لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے کیے گئے  چارملکی دورے کی تفصیلات سے  بھی آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان ، برطانیہ سمیت افغانستان سے واپسی کے منتظر،مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے ورکرز اور میڈیا نمائندگان کے جلد انخلا  کیلئے بھرپور معاونت فراہم کر رہا ہے ۔

برطانوی وزیر خارجہ نے کابل سے برطانوی شہریوں کے انخلا  میں پاکستان کی معاونت کو سراہتے ہوئے  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ کے ساتھ "ریڈ لسٹ" کا معاملہ بھی  اٹھایا اور "ریڈ لسٹ "کے باعث برطانوی پاکستانیوں اور طلباء کو درپیش سفری مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وبا کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے،ہمیں توقع ہے کہ برطانوی حکومت، اس صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے،پاکستان کو "ریڈ لسٹ" پر رکھنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے گی۔