شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت پیر تک ملتوی

شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت پیر تک ملتوی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شہباز گل کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج طاہر محمود سپرا نے شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت کی تو پولیس نے شہباز گِل کیس کا ریکارڈ آج بھی عدالت میں پیش نہیں کیا، عدالت نے پولیس کو پیر تک ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دیا ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر محمود سپرا نے کیس کی سماعت کی اور تفتیشی افسر سے متعلق استفسار کیا جس پر پولیس حکام نے کہا کہ تفتیشی افسر سے رابطہ ہوا تھا لیکن ابھی وہ پہنچا نہیں ہے۔
عدالت نے پولیس حکام سے کہا کہ تفتیشی سے رابطہ کریں، پھر بتائیں، پولیس نے بتایا کہ تفتیشی افسر کا فون اب بند ہے رابطہ نہیں ہو رہا، ہم ابھی عدالتی حکم کے مطابق پھر معلوم کر کے بتا دیتے ہیں۔
پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ ابھی ریکارڈ پیش ہو بھی جائے تو میں دلائل نہیں دے سکتا، مجھے بھی ریکارڈ دیکھنا ہے میری بھی ابھی تیاری نہیں ہے لہٰذا کیس کی سماعت پیر کو رکھ لی جائے۔ 
وکیل شہباز گل نے کہا کہ بہت زیادتی کی بات ہے کہ پولیس مسلسل تاخیر کر رہی ہے جس پر جج طاہر محمود سپرا نے ریمارکس دئیے کہ پولیس کو پھر آخری موقع دیدیتے ہیں۔

مصنف کے بارے میں