سیلاب کے باعث پی ٹی آئی نے ملک بھر میں جلسے ملتوی کر دئیے

سیلاب کے باعث پی ٹی آئی نے ملک بھر میں جلسے ملتوی کر دئیے

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے سیلابی صورتحال کے باعث ملک بھر میں ہونے والے جلسے ملتوی کرتے ہوئے کارکنوں کو امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملک بھر میں جلسوں کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے تحت انہوں نے کل خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور اور 6 ستمبر کو مردان میں جلسے سے خطاب کرنا تھا تاہم سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر جلسے ملتوی کر دئیے گئے ہیں۔ 
اسی طرح عمران خان نے 29 اگست کو جہلم، یکم ستمبر کو سرگودھا، 2 ستمبر کو گجرات، 3 ستمبر کو بہاولپور، 4 ستمبر کو فیصل آباد اور 6 ستمبر کو مردان میں جلسے سے خطاب کرنا تھا لیکن سیلابی صورتحال کے باعث یہ جلسے بھی منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔ 
اس سلسلے میں تمام تنظیموں کو آگاہ کر دیا گیا ہے، پشاور سٹی کے صدر عرفان سلیم نے سیلابی صورتحال کے باعث عمران خان کی جانب سے جلسے منسوخ کرنے کی ہدایت کئے جانے کی تصدیق بھی کر دی ہے۔ 
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق عمران خان نے کارکنوں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو امداد کی ہدایت کی ہے۔

مصنف کے بارے میں