اماراتی صدر کا وزیر اعظم شہباز شریف کو فون ، قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش 

اماراتی صدر کا وزیر اعظم شہباز شریف کو فون ، قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش 
سورس: File

اسلام آباد : متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور گفتگو کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق شیخ محمد بن زاید نے اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ متحدہ عرب امارات کے صدر نے اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی بھی پیشکش کی۔اس تناظر میں، انہوں نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ متحدہ عرب امارات فوری طور پر زخمیوں اور متاثرہ افراد کے لئے خیمے و دیگر سامان کے علاوہ کھانے پینے کی اشیا اور طبی سامان اور ادویات بھی بھجوائے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو ملک میں مون سون کی غیر معمولی بارشوں سے ہونے والی ملک گیر تباہی کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متحدہ عرب امارات کی ہلال احمر اور خلیفہ بن زید فائونڈیشن کے جاری امدادی کاموں کا بھی اعتراف کیا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں حکومت کی کوششوں میں معاونت کے لیے متحدہ عرب امارات کی بروقت مدد پر عزت مآب شیخ محمد بن زایدکا شکریہ ادا کیا۔

مصنف کے بارے میں