بینظیربھٹو کی 10ویں برسی، گڑھی خدا بخش میں مرکزی تقریب کی تیاریاں مکمل

بینظیربھٹو کی 10ویں برسی، گڑھی خدا بخش میں مرکزی تقریب کی تیاریاں مکمل

کراچی: سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی 10ویں برسی کے سلسلے میں مرکزی تقریب کی تیاریاں گڑھی خدا بخش میں مکمل کرلی گئی ہیں،برسی کی مرکزی تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری تعزیتی جلسے سے خطاب کریں گے۔


گڑھی خدا بخش بھٹو میں بینظیر بھٹو شہید کی 10ویں برسی کی تقریب میں شرکت کےلئے مختلف شہروں سے کارکنان پہنچنا شروع ہوگئے ہیں،بینظیر بھٹو کی برسی کے سلسلے میں مرکزی تقریب کا باضابطہ آغاز آج دن ایک بجے محفل مشاعرہ سے ہوگا اور شام 4 بجے یہ مشاعرہ تعزیتی جلسے میں تبدیل ہوجائے گا،برسی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جہاں 7 ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار فرائض انجام دیں گے،جبکہ ٹریفک کو رواں رکھنے کےلئے بھی عملہ تعینات ہوگا۔


دوسری جانب گڑھی خدا بخش میں 60 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں،برسی کی تقریب میں شرکت کےلئے آنے والے تمام افراد کو واک تھرو گیٹ پر جامع تلاشی کے بعد مرکزی پنڈال تک جانے کی اجازت ہوگی،علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج شام نوڈیرو ہاؤس میں بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی زیرصدارت منعقد ہوگا جس میں مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔