مرزا غالب کی 220ویں سالگرہ پر گوگل کا زبردست خراج تحسین

مرزا غالب کی 220ویں سالگرہ پر گوگل کا زبردست خراج تحسین

لاہور: گوگل نے اردو کے عظیم شاعر مرزا اسداللہ خان غالب کی 220 ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈوڈل متعارف کرا دیا۔ مرزا غالب 27 دسمبر 1797 کو آگرہ میں پیدا ہوئے۔ 5 سال کی عمر میں والد کی وفات کے بعد غالب کی پرورش چچا نے کی تاہم 4 سال بعد چچا کا سایہ بھی ان کے سر سے اٹھ گیا۔ مرزا غالب کی 13 سال کی عمر میں امرا بیگم سے شادی ہو گئی جس کے بعد انھوں نے اپنے آبائی شہر کو خیر باد کہہ کر دہلی میں مستقل سکونت اختیار کر لی تھی۔

دہلی میں پرورش پانے والے غالب نے کم سنی ہی میں شاعری کا آغاز کیا۔ غالب کی شاعری کا انداز منفرد تھا جسے اس وقت کے استاد شعرا نے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی سوچ دراصل حقیقی رنگوں سے عاری ہے۔

دوسری طرف غالب اپنے اس انداز سے یہ باور کرانا چاہتے تھے کہ وہ اگر اس انداز میں فکری اور فلسفیانہ خیالات عمدگی سے باندھ سکتے ہیں تو وہ لفظوں سے کھیلتے ہوئے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ غالب کا اصل کمال یہ تھا کہ وہ زندگی کے حقائق اور انسانی نفسیات کو گہرائی میں جا کر سمجھتے تھے اور بڑی سادگی سے عام لوگوں کے لیے اپنے اشعار میں بیان کر دیتے تھے۔ غالب پہلے شاعر تھے جنہوں نے اردو شاعری کو ذہن عطا کیا۔ اردو کے عظیم شاعر مرزا غالب 15 فروری 1869 کو دہلی میں جہان فانی سے کوچ کر گئے لیکن جب تک اردو زندہ ہے ان کا نام بھی جاوداں رہے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں