سیاسی کزنز مل کر بھی ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے، عابد شیر علی

سیاسی کزنز مل کر بھی ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے، عابد شیر علی

جہلم: وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سٹریٹ پاور سب جماعتوں سے زیادہ ہے اور سیاسی مخالفین پر الیکشن 2018 کا خوف طاری ہے ۔ مخالفین ترقی کے دشمن ہیں جتنے بھی سیاسی کزنز مل جائے لیکن ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی فیکٹری میں تو غریب اور مظلوموں کو جان بوجھ کر جلا دیا گیا تو وہاں پر کسی مولوی اور سیاسی جماعت نے آواز نہیں اٹھائی۔

عابد شیر علی نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو بجلی دی اور دہشتگردی کو ختم کیا ۔ قوم کو مبارک ہو نیلم جہلم پاور پراجیکٹ بھی مکمل ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ہزاروں کلومیٹر کی ٹرانسمیشن لائنیں بچھائی جا رہی ہیں ۔ شکایات میں واضح کمی آنا ہماری بڑی کامیابی ہے اور کھلی کچہری کا سلسلہ دوسرے شہروں تک بھی پہنچائیں گے کیونکہ عوام کو سہولتیں دینا ہماری ترجیح ہے ۔

وزیر مملکت نے کہا کہ آئیسکو کے علاقے میں 5.5 ارب روپے کی لاگت سے 12 نئے گرڈ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جبکہ 273 کلومیٹر نئی ٹرانسمیشن لائنیں اور 37 نئے پاور ٹرانسفارمر رکھے گئے ہیں تاکہ نظام کو مستحکم کیا جا سکے ۔ پاکستان کے طول و عرض سے کم وولٹیج کا مسئلہ مارچ 2018 تک ختم کر دیں گے ۔

عابد شیر علی نے کہا کہ جن علاقوں میں محکمہ مقاصد حاصل نہیں کر سکے گا وہاں اعلی افسران کو سزائیں دی جائیں گی۔ ہم نے سسٹم کو اپ گریڈ کیا ہے جس کی بدولت صارفین موبائیل میٹر ریڈنگ، لوڈشیڈنگ کا شیڈول، لائن لاسز کی تفصیلات چیک کر سکیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں