تحریک عدل کسی کیخلاف نہیں ہے، نوازشریف

تحریک عدل کسی کیخلاف نہیں ہے، نوازشریف

لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی بیٹھک ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ اور آئندہ الیکشن، عوامی رابطہ، اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد، دھرنے کے امکانات، 31دسمبرکوکوٹ مومن میں جلسے اورانکی تقریر کے نکات بھی تیار کئے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کوٹ مومن جلسہ، جی ٹی روڈ ایبٹ آباد اور کوئٹہ تقاریر کا تسلسل ہوگا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب کے بڑے شہروں میں جلسے جلوس کےلئے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اورپارٹی عہدیداروں کو ٹاسک دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔مشاورتی بیٹھک میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر طلال چوہدری ،دانیال عزیز،سینیٹر پرویز رشید ،مریم اورنگزیب ،حنیف عباسی ،مصدق ملک اور وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی اور مریم نوازسمیت اہم رہنما شریک ہوئے ۔
مشاورتی بیٹھک کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ تحریک عدل کسی کے خلاف نہیں بلکہ انصاف کے حصول کےلئے ہے۔انہوں نے کہا کہ اب گھر پر نہیں بیٹھیں گے۔آئین کی حکمرانی اور ووٹ کے تقدس کا پیغام لے کر ایک ایک فرد تک جائیں گے۔میٹنگ میں نواز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن کو انتخابی دفتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔مریم نواز ماڈل ٹاؤن مرکزی دفتر میں بیٹھ کر انتخابی مہم کے سلسلے میں انتخابی کمیٹیاں بھی بنائیں گی۔