ہیڈ کوچ پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی ہاکی کھلاڑیوں پر پابندی

ہیڈ کوچ پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی ہاکی کھلاڑیوں پر پابندی


لاہور:پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہیڈ کوچ پر جسمانی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی 2خواتین کھلاڑیوں کو معطل کر کے ایک ایک سال کی پابندی عائد کر دی۔


ہاکی فیڈریشن کے سربراہ شہباز احمد نے کہا کہ تحقیقات کرنے والی کمیٹی میں شامل تمام ممبران خواتین تھیں اور ہم ان کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ سے مطمئن ہیں،انھوں نے کہا کہ میں نے تمام خواتین پر مشتمل ایک اور کمیٹی اسی لیے بنائی تاکہ کسی قسم کے امتیازی سلوک کی بات نہ ہو سکے،وہ لڑکیاں اپنے الزامات کے ٹھوس ثبوت بھی نہ دے سکیں بلکہ عینی شاہدین نے بات کی تائید بھی نہیں کی۔


یاد رہے کہ خاتون کھلاڑی سیدہ سعدیہ نے صوبہ پنجاب کے وزیر کھیل کو تحریری طور پر اپنی شکایت سے آگاہ کیا تھا،انھوں نے الزام لگایا تھا کہ ہیڈ کوچ سعید خان نے مجھے رات کے وقت اسٹیڈیم سے جانے کو کہا اور بدتمیزی کی اور پیچھا کرتے ہوئے میرے کمرے تک پہنچ گئے، وہاں میرا بازو پکڑ لیا اور چند خواتین کھلاڑیوں کو جو میری مدد کو آرہی تھیں وہیں روک دیا جبکہ اس تحریری شکایت میں اقرا جاوید کا نام بطور عینی شاہد لیا گیا تھا۔