ایپل کے اعتراف نے آئی فون کی فروخت کم کر دی

 ایپل کے اعتراف نے آئی فون کی فروخت کم کر دی

تائیوان : مایہ ناز امریکی کمپنی ایپل کی جانب آئی فون سے متعلق اعتراف کے بعد ایپل کے فون کی فروخت میں کمی آگئی جو کرسمس اور خریداری کے باوجود ابتدائی تخمینوں سے بہت کم ہے۔

تائیوان کے اکنامک ڈیلی نے اعتراف کیا ہے کہ اس سال ایپل کمپنی کے تیارکردہ جدید ترین اسمارٹ فون کی فروخت پر بھی اثر ہوا ہے۔ تجزیہ کاروں نے اگلی سہ ماہی میں بھی اس کی فروخت میں کمی کا عندیہ دیا ہے۔توقع ہے کہ اگلے تین ماہ میں آئی فون ایکس کے تین کروڑ یونٹ فروخت ہوں گے جبکہ ابتدائی اندازہ تھا کہ شاید پانچ کروڑ فون خریدے جائیں گے تاہم اب تک ایپل نے آئی فون ایکس کی فروخت کی کل تعداد نہیں بتائی جو اب تک ایک معما ہے۔
دوسری جانب امریکی تجزیہ کار کمپنی جے ایل وارن کیپٹل نے مزید مایوسی کی خبر سناتے ہوئے کہا ہے کہ آئی فون ایکس کی قیمت بہت زیادہ ہے اور اس میں جدتیں کم ہیں جن کی بنا پر اس کی فروخت میں کمی ہوکر اگلی سہ ماہی میں صرف ڈھائی کروڑ یونٹ ہی فروخت ہوسکیں گے۔ اس کی وجہ نہ صرف ڈلیوری میں تاخیر ہے بلکہ ایپل کی جانب سے یہ اعتراف بھی ہے کہ وہ اپنے فون کو شعوری طور پر سست کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ ایپل کمپنی نے کچھ روز قبل اعتراف کیا تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ اس کے فون کارکردگی میں سست ہوتے چلے جاتے ہیں اور یہ سب ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جان بوجھ کر کیا جاتا ہے۔