چین نے ایک بار پھر سی پیک پر بھارتی خدشات کو بے بنیاد قرار دیدیا

چین نے ایک بار پھر سی پیک پر بھارتی خدشات کو بے بنیاد قرار دیدیا

بیجنگ: چین نے ایک بار پھر سی پیک کے حوالے سے بھارتی خدشات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے ا نہیں بے بنیاد  اور  بھارت کی اپنی ذہنی اختراع قرار  دید یا  اور   کہاہے کہ بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ ہمسایہ ممالک کی خوشحالی، امن و استحکام ہی خطے کی تعمیر و ترقی کا واحد ذریعہ ہے،  افغانستان کو سی پیک میں شمولیت کا اس لئے کہا کہ انسداد دشت گردی کیلئے سہ طرفہ طاقت اور تعاون کو استعمال کیا جاسکے، سی پیک منصوبے سے بھارت کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، سی پیک منصوبے کا تعلق کسی بھی تیسرے فریق کے خلاف نہیں۔

بدھ کو پریس بریفنگ کے دوران چین کی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ہوا چھن اینگ نے سی پیک میں افغانستان کی شمولیت کی پیشکش کے حوالے سے بھارتی خدشات کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی خدشات بے بنیاد اور اس کی اپنی ذہنی اختراع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کسی بھی تیسرے فریق کے خلاف نہیں، افغانستان کو اس عظیم منصوبے میں شمولیت کی دعوت ان کی اپنی خوشحالی اور ترقی کیلئے دی ہے، اس کا ہرگز مقصد یہ نہیں ہے کہ کسی ملک کو کسی سے جدا کیا جائے یا مخالف کیا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ بیجنگ میں ہونے والے مذاکرات کا انعقاد بھی محض ترقی کے منصوبے اور انسداد دہشت گردی کے لئے مشترکہ اقدامات اٹھانے کیلئے کیاگیا ، سی پیک منصوبہ مشترکہ دلچسپی اور تعمیر و ترقی کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ظاہر کئے گئے تمام خدشات اور اعتراضات حقیقت کے منافی ہیں، بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ ہمسایہ ممالک کی خوشحالی، امن و استحکام ہی خطے کی تعمیر و ترقی کا واحد ذریعہ ہے، اس کیلئے ممالک مابین تعاون اور اشتراکیت کا ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ تعمیر و ترقی کا منصوبہ ہے، جس سے خطے کی صورتحال یکسرتبدیل ہو سکتی ہے، اس سے بھارت کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔