آصف زرداری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ

آصف زرداری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ
کیپشن: فوٹو بشکریہ پیپلز پارٹی آفیشل ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے آصف زرداری کانام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ آصف زرداری کانام ای سی ایل میں ڈالا جائے ۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور پیپلز پارٹی میں بہت فرق ہے ،پیپلز پارٹی بھٹو کی جماعت ہے اور آصف زرداری کا اس جماعت سے کوئی تعلق نہیں ،اب پیپلز پارٹی پر ایسے لوگ براجمان ہیں جو کسانوں کی دی جانے والی سبسڈی بھی کھا گئے ہیں ۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومت کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا، انہوں نے ایک صوبہ یرغمال بنائے رکھا لہٰذا کابینہ نے فیصلہ کیا ہےکہ 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں گےجن میں آصف زرداری کا نام بھی شامل ہے ۔وزیراطلاعات نے کہا کہ ایک صوبے کو یرغمال بنایا گیا انہی کا پیسے کھایا اور اب انہیں ہی کہہ رہے کہ احتجاج کیلئے باہر نکلو۔

کراچی کے امن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کراچی کے امن سے جڑی ہوئی ہے ،کراچی میں امن ہو گا تو ملکی معیشت کا پہیہ چلے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے احکامات جاری کر دیے ہیں ۔الطاف حسین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ ہوا ہے کہ برطانوی حکومت سے الطاف حسین کے متعلق بھی بات کی جائے کہ کس طرح وہ لندن میں بیٹھ کر لوگوں کے قتل کرنے کی دھمکیاں دیتے رہے ۔