پاکستان کو ہر موقع پر بھرپور امداد فراہم کرے گا، سعودی عرب

پاکستان کو ہر موقع پر بھرپور امداد فراہم کرے گا، سعودی عرب
کیپشن: عودی وزیر خارجہ نے ولی عہد شاہ سلمان کا خصوصی پیغام وزیراعظم عمران خان کو پہنچایا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ نے ملاقات کی اور ولی عہد کا پیغام پہنچاتے ہوئے یقین دلایا کہ سعودی عرب پاکستان کو ہر موقع پر بھرپور امداد فراہم کرے گا۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود ایک روزہ دورہ پر وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ سعودی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے معاملات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جب کہ کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے بعد جاری کردہ سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کے فروغ کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ توقع ہے صحت اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی، فارما سیوٹیکل اور قابل تجدید توانائی میں سعودی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے بھارت میں متنازع قانون اور ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیوں سے بھی آگاہ کیا۔

دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ نے اپنی حکومت کی جانب سے یقین دلایا کہ سعودی عرب پاکستان کو ہر موقع پر بھرپور امداد فراہم کرے گا۔ سعودی وزیر خارجہ نے ولی عہد شاہ سلمان کا خصوصی پیغام وزیراعظم عمران خان کو پہنچایا جو کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تھا۔