آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق درخواست سماعت کیلئے منظور

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق درخواست سماعت کیلئے منظور

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق نظر ثانی کی حکومتی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں اپیل کی گئی کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے گزشتہ فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔سپریم کورٹ نے حکومت کی درخواست کوابتدائی سماعت کیلئے منظور کرلیا ہے۔رجسٹرارآفس نے درخواست پر نمبر الاٹ کردیا ہے اورممکنہ طور پر آئندہ ہفتے اس کیس کی سماعت ہوگی۔رجسٹرار آفس کے مطابق کیس کو چیف جسٹس کی ہدایات کی روشنی میں سماعت کیلئے لگایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی کی درخواست دائرکی۔نظرثانی اپیل میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے گزشتہ فیصلے کو مستردکیاجائے۔اپیل میں لارجر بینچ تشکیل دینے اورکیس کو ان کیمرہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعابھی کی گئی ۔سپریم کورٹ میں اپیل وزارت دفاع کی جانب سے دائر کی گئی۔

یاد رہے سپریم کورٹ نے حکومت کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر قانون سازی کیلئے 6 ماہ کا وقت دیاتھااور حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر قانون سازی کی جائے گی تاہم حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پرنظرثانی درخواست دائر کردی جسے اب ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرلیا گیاہے۔