محکمہ موسمیات کی ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کی ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کل سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ صوبے کے بالائی علاقوں میں برف باری بھی متوقع ہے جو جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ 
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں اور برف باری کے پیش نظر متعلقہ ادارے پیشگی اقدامات اٹھا ئیں کیونکہ بالائی اضلاع میں برف باری سے لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکیں بند ہونے کا اندیشہ ہے۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی لہر بلوچستان میں داخل ہو چکی ہے جس کے باعث کوئٹہ، ژوب، بارکھان، زیارت، نوکنڈی، دالبندین، سبی، نصیرآباد اور لسبیلہ میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ 
اس کے علاوہ کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، پشاور، اسلام آباد، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، ڈی جی خان، راجن پور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔ 
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نے ضلعی انتظامیہ کو سڑکیں کھولنے کیلئے مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 

مصنف کے بارے میں