لاہور:پی ایس ایل کے فائنل کیلئے سخت ترین سیکورٹی پلان تیار

 لاہور:پی ایس ایل کے فائنل کیلئے سخت ترین سیکورٹی پلان تیار

لاہور: پاکستا ن سپر لیگ ( پی ایس ایل) کا فائنل کرانے کی صورت میں بھرپور سکیورٹی پلان تیار کرلیا گیَ۔ منصوبے کے تحت 10 ہزار سے زائد اہلکاروں کو قذافی سٹیڈیم کےاطراف تعینات کیا جائےگا، پاک فوج اوررینجرز کو مامورکرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔


میچ سے دو روز قبل قذافی اسٹیڈیم کو مکمل بندکردیا جائے گا ،چپے چپے کی تلاشی کے بعد کلیئرنس دی جائے گی، اسٹیڈیم کے اندراورباہر 10 ہزارسے زائدپولیس اہلکاراور افسران تعینات ہوں گے ۔

سیکورٹی کے تناظر میں فیروز پورروڈمکمل بند ہو گی، نہرکے پل اور کلمہ چوک پر کنٹینر کھڑے کرکے ٹریفک بندکردی جائیگی ، شائقین پیدل اسٹیڈیم تک جائیں گے ،مین گیٹ سے صرف کھلاڑیوں اور وی وی آئی پیز کو گزارا جائے گا، گاڑیاں لبرٹی مارکیٹ کی پارکنگ میں کھڑی کی جائیں گی۔

باوردی اہلکاروں کے ساتھ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دیں گے ،شائقین کو 5 درجاتی سکیورٹی سے گزارا جائے گا ،50واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے ،ہرانٹری پوائنٹ پر گزرنے سے سے پہلے فزیکل چیکنگ ہو گی ، ٹیموں کو ہوٹل سے اسٹیڈیم تک وی وی آئی پی سکیورٹی دی جائے گی۔

ایئرپورٹ سے ہوٹل اورہوٹل سے اسٹیڈیم تک روٹ کو مکمل طورپر عام ٹریفک کیلئے بند کردیا جائے گا،اسٹیڈیم کے باہر ایلیٹ فورس کی30 سے زائد گاڑیاں بدستورگشت کرتی رہیں گی۔