ایران نے پاکستانی کینو کی درآمد سے پابندی ہٹا لی

ایران نے پاکستانی کینو کی درآمد سے پابندی ہٹا لی

اسلام آباد: ایران کی وزارت زراعت نے پاکستانی کینو کی درامد سے پابندی ہٹالی ہے،وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا کہ ایران کی طرف سے یہ رعایت ایرانی صدر حسن روحانی کی ای سی او کانفرنس میں متوقع شرکت سے پہلے دی گئی ہے۔

ایران میں پاکستانی کینو کی بے حد مانگ ہے اور ایران کے قومی تہوار جشن نوروز سے تین ہفتے پہلے ایران کی پاکستانی کینو سے پابندی اٹھانا خوش آئند ہے،وزیر تجارت نے مزید کہا کہ پاکستانی کینو کے ایکسپوٹرز کو چاہئے کہ اس زبردست موقع سے فائدہ اٹھائیں، اسکے ساتھ ہی انھوں نے کہا کے افغانستان کی سرحد بند ہونے سے کینو کی تجارت پر جو اثر پڑا تھا ایران سے ملنے والی رعایت سے وہ کافی حد تک زائل ہو جائے گا۔

وزیر تجارت نے مزید کہا کہ ایران و پاکستان دونوں ممالک کے مرکزی بینکوں کے مابین بینکنگ تعلقات استوار کرنے کے معاہدے پر جلد دستخط ہو جائیں گے جس سے تجارت میں تیز اضافہ متوقعہ ہے۔وزیر تجارت خرم دستگیر خان کا اس مارچ کے آخر میں دونوں ممالک کے مابین جوائنٹ اکنامک کانفرنس کی سربراہی کے لیے تہران کا دورہ بھی متوقع ہے۔